• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکیرا اور جیرارڈ کا علیحدگی کے بعد بچوں کی ذمہ داری نبھانے کا اعلان

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) کولمبیئن گلوکارہ شکیرا اور جیرارڈ کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے دونوں کی پی آر ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اس علیحدگی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے افسوس ہورہا ہے کہ ہم آج علیحدہ ہو رہے ہیں لیکن ہمارے بچے ہماری اولین ترجیح ہوں گے، ان کی دیکھ بھال ان کی فلاح و بہبود ہم دونوں کی ذمہ داری ہے ،جس کو ہم اس رشتے کے ختم ہوجانے کے بعد بھی نبھائیں گے ۔اس بیان میں یہ بھی کہا کہ ہم دونوں اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کیا جائے ۔شکیرا اور جیرارڈ دونوں 12 برس پہلے شادی کے بندھن میں بندھے تھے ان کے دو بچے ہیں ،دونوں کی ملاقات فیفا ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقہ میں 2010میں ہوئی تھی،اس ٹورنامنٹ میں شکیرا نے تھیم سانگ ”واکا واکا“ گایا تھا، اس گانے نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی تھی اور تاحال اس گانے کا ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکا ۔ اس تقریب میں ان کی ہونے والی ملاقات کے بعد ان کے درمیان دوستی بڑھتے بڑھتے بات شادی کے تعلق پر آکر ٹھہری ۔کہا جا رہا ہے کہ شکیرا کوان کے شوہر جیرارڈ نے دھوکہ دیا جس کی وجہ سے انہوں نے ان سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد شکیرا کو اس وقت اسپین میں مبینہ ٹیکس فراڈ کا سامنا ہے۔پراسیکیوٹرز کا دعویٰ ہے کہ کولمبیئن گلوکارہ پر 2012 سے 2014 کے درمیان اپنی آمدن پر ایک کروڑ 45 لاکھ یورو ٹیکس واجب الادا ہیں۔ دوسری جانب شکیرا کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ اس کیس میں ٹھوس قانونی دلائل کے ساتھ دفاع جاری رکھیں گے۔

دل لگی سے مزید