امریکا خیبر پختونخوا کا امن تباہ کررہا ہے، ایمل ولی

August 16, 2022

فائل فوٹو

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے امریکا پر صوبے کا امن تباہ کرنے کا الزام لگادیا۔

پشاور میں پشتون قومی جرگہ کے اختتام پر میڈیا بریفنگ میں ایم ولی خان نےکہا کہ امریکا خیبرپختونخوا کا امن تباہ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات کے پیش نظر دہشت گردوں سے مذاکرات کی حمایت نہیں کرسکتے، اگر بات چیت کرنی ہے تو وہ آئین اور قانون کے مطابق ہو۔

اے این پی رہنما نے مزید کہاکہ ہم اپنی سرزمین ایک منٹ کے لیے بھی دہشت گردوں کے حوالے نہیں کرسکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ٹارگٹ کلنگ نے پھر سے سر اٹھا لیا ہے، صوبے میں بھتہ لیا جارہا ہے، اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں ہمارے ساتھی کو شہید کرنے کے خلاف جاری احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں پر درج ایف آئی آر واپس لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زیادہ ہوگیا ہے، رکن قومی اسمبلی علی وزیر جیل میں پڑے ہوئے ہیں۔

اے این پی رہنما نے کہا کہ پشتون قومی جرگے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کیمونٹی نے شرکت کی اور ملک اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جرگے کا متفقہ فیصلہ ہے کہ صوبے بھر کا نظام پولیس کے حوالے کیا جائے۔