اجے دیو گن کا بیٹی کے بالی ووڈ ڈیبیو سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردِعمل

August 18, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیوگن کا اپنی بیٹی نیسا دیوگن کے بالی ووڈ ڈیبیو سے متعلق بھارتی میڈیا پر ہونے والی قیاس آرائیوں پر ردِعمل سامنے آگیا ہے۔

جیسا کہ بھارتی میڈیا پر ایک کے بعد ایک بہت سی نامور بالی ووڈ شخصیات کے نوجوان بچوں کے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کی خبریں آرہی ہیں جن میں اداکار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، پروڈیوسر بونی کپور اور آنجہانی اداکار سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور، اداکار سنجے کپور کی بیٹی شانایا کپور اور اداکار امیتابھ بچن کے نواسےآگستیہ نندا شامل ہیں۔

ایسے میں بھارتی میڈیا کی جانب سے بالی ووڈ کی معروف اداکار جوڑی اجے دیوگن اور کاجل سے بھی یہ سوال کیا جاتا ہے کہ’کیا ان کی 19 سالہ بیٹی نیسا دیوگن کا بھی بالی ووڈ انڈسٹری میں قدم رکھنے کا کوئی ارادہ ہے؟‘

اجے دیوگن نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنی بیٹی کے بالی ووڈ ڈیبیو سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کی تردید کردی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’نیسا ابھی نوعمر ہے، اس نے کاجول یا مجھے ابھی تک نہیں بتایا کہ وہ کس شعبے میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہے اور فی الحال وہ بیرون ملک تعلیم حاصل کر رہی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اور اگر وہ فلم انڈسٹری میں اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ اس کا اپنا انتخاب ہوگا، بطور والدین، ہم ہمیشہ اس کی حمایت کریں گے‘۔

اجے دیوگن کا کہنا تھا کہ’بیٹی کے کیریئر کے بارے میں ابھی کوئی بھی بات کرنا قبل از وقت ہوگا، اور نیسا اپنے کیریئر کے بارے میں خود فیصلہ کرے گی‘۔