حارث رؤف کا بہت بڑا فین ہوں، انگلش فاسٹ بولر مارک ووڈ

September 24, 2022

اسکرین گریب

انگلینڈ ٹیم کے فاسٹ بولر مارک ووڈ کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کا بہت بڑا فین ہوں، اُن کی اور محمد حسنین کی بولنگ دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی 63 رنز سے جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں پلان جارحانہ کرکٹ کا تھا، دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے مختلف حکمت عملی اپنائی تھی۔

جیو نیوز کے سیگمنٹ ’گیم چینجر‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی جیسا پرجوش کراؤڈ کہیں اور نہیں دیکھا۔

مارک ووڈ نے بابر اعظم سمیت پاکستان کے تین بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی اور انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ وکٹ سے مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز حارث رؤف اور حسنین کو دیکھنے کی کوشش کی کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور ویسی ہی کوشش کی کہ تیز ترین بولنگ کر کے وکٹیں لوں۔

32 سالہ فاسٹ بولر نے 6 ماہ بعد پہلی بار انٹرنیشنل میچ کھیلا، جب ان سے پوچھا گیا کہ انگلینڈ کی حکمت عملی کیا تھی تو انہوں نے کہا کہ پلان جارحانہ کرکٹ کا تھا اور ایک روز قبل کی پلاننگ سے مختلف گیم کھیلنے کا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک روز قبل ہم نے باؤنسرز نہیں کرائیں، ہم راؤنڈ دا وکٹ نہیں آئے، فیلڈ پوزیشنز نہیں ٹرائی کیں، اس بار مختلف کرنے کا پلان بنایا ۔

بابر اعظم اور رضوان زبردست پلیئرز ہیں، مارک ووڈ

مارک ووڈ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور رضوان زبردست پلیئرز ہیں، انہوں نے ایک روز قبل شاندار کھیلا، ہم نے یہی کوشش کی کہ اب کچھ مختلف کرنا ہے تاکہ کچھ مدد ملے اور خوش قسمتی سے ایسا ہی ہوا۔

ایک سوال پر مارک ووڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فینز کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ایسا پرجوش ،شور مچاتا کراؤڈ کہیں نہیں دیکھا، یہاں بہت زبردست ماحول ہے۔

پاکستان کی دال پسند آئی ہے، فاسٹ بولر مارک ووڈ

انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی بھی تعریف کی، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں پاکستان کے روایتی پکوان کھانے کا موقع ملا تو انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں کی دال بہت پسند آئی۔

معین علی نےمارک ووڈ کو اردو سکھا دی

مارک ووڈ نے مزید بتایا کہ معین علی نے انہیں اردو کے دو لفظ بتائے ہیں، ایک ٹھیک ہے اور دوسرا کیسے ہو؟ ان کے مطلب نہیں معلوم لیکن امید ہے اور لفظ جلد سیکھ لیں گے۔