آرمی چیف کی تعیناتی جیسے ایشوز ہی آئین کو لپٹوا چکے ہیں، صدر مملکت

September 24, 2022

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی جیسے ایشوز ہی آئین کو لپٹوا چکے ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رائے وضاحت سے آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی بہت اہمیت رکھتی ہے، اس معاملے پر اتفاق رائے ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں یہی ایشوز آئین کو لپٹوا چکے ہیں، جس کی ایک مثال مشرف کے زمانے کی تعیناتیاں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ سیریس ایشو ہے سیاست دانوں اور پارلیمنٹ کو بھی بیٹھ کر طے کرنا چاہیے، اس معاملے پر اپوزیشن کی بات کو بھی غور کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ اس پر بات کی جاسکتی ہے کہ قبل از الیکشن کیسے کرانا ہے، سیلاب کی وجہ سے کتنا اثر ہوتا ہے اس چیز پر بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں بھی نہیں کہ سیلاب کی وجہ سے الیکشن کتنا ملتوی ہو، اس پر غور و خوض ہونا چاہیے کہ ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں یا نہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے معاملے پر غور اور حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہوں، میں بھی چیزیں جاکر دیکھ چکا ہوں۔