پریانکا چوپڑا کو ’پلاسٹک چوپڑا‘ کا خطاب کیوں دیا گیا؟

September 27, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ناک کی سرجری غلط ہونے کے بعد میڈیا پر مجھے ’پلاسٹک چوپڑا ‘ کہہ کر مخاطب کیا جانے لگا۔

اداکارہ نے گزشتہ برس اپنی آٹو بائیوگرافی کتاب ’اَن فنشڈ‘ شائع کی تھی جس سے ایک اقتباس ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک بار پھر وائرل ہو رہا ہے۔

کتاب کے اقتباس میں اداکارہ نے سانس لینے میں دشواری کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس کی وجہ سے ناک کی سرجری کروانی پڑی جوکہ غلط ہوگئی‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’میری اصلی ناک چلی گئی تھی، سرجری کے بعد میرا چہرہ بالکل مختلف نظر آرہا تھا ، میں نے نہیں سوچا تھا کہ میرا اعتماد یا میری عزت نفس اس دھچکے سے کبھی ٹھیک ہو جائے گی‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ میڈیا نے میری سرجری کے بعد مجھے ’پلاسٹک چوپڑا‘ کا نام دیا تھا اور انڈسٹری میں سب مجھے اسی نام سے پکارنے لگے تھے‘۔

اس کے بعد اداکارہ کو پولی پیکٹومی کے ذریعے ناک کو ٹھیک کروانا پڑا، جس کے بعد وہ واپس اپنا اصل چہرہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔