راجو شری واستو کے خاندان کا مشکل میں ساتھ دینے پر امیتابھ بچن سے اظہار تشکر

September 27, 2022

آنجہانی بھارتی کامیڈین راجو سری واستو کے خاندان نے ان کی موت کے بعد پہلی اپ ڈیٹ شیئر کردی ہے۔

یاد رہے کہ راجو 21 ستمبر کو دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں چل بسے تھے، انہیں 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

اب ان کے خاندان نے راجو شری واستو کی بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے، یہ تصویر امیتابھ بچن نے اپنے ایک خصوصی وائس نوٹ کے ساتھ اس وقت بھجوایا، جب راجو اسپتال میں کومہ کی حالت میں زیر علاج تھے۔

راجو کی بیٹی انترا نے اس کے ساتھ اپنے خاندان کی جانب سے جو نوٹ تحریر کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ہم امیتابھ بچن انکل کے بہت ہی مشکور ہیں کہ مشکل وقت کے دوران وہ ہم سے روزانہ رابطے میں رہے۔

انترا نے امیتابھ بچن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، آپ کی دعاؤں نے ہمیں بہت ہمت اور مدد فراہم کی، اس پر ہم ہمیشہ آپ کو یاد رکھیں گے۔

آپ میرے والد کے لیے ایک نمونہ، ایک عزم اور ایک تحریک تھے، میرے والد نے جب پہلی بار آپ کو بڑی اسکرین پر دیکھا تو پھر ساری زندگی ان کے ذہن میں آپ نقش ہوگئے۔ آپ کا نمبر ان کے دل میں بطور گرو جی محفوظ تھا۔

یاد رہے کہ اپنے وائس پیغام میں امیتابھ بچن نے کومہ کی حالت میں راجو شری واستو سے کہا کہ بہت ہوگیا اب اٹھ بیٹھو اور ہمیں ہنسنے کے متعلق سکھاؤ۔