فرانس: منڈی بہاؤالدین میں جدید اسپتال کے قیام کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب

September 28, 2022

فوٹو: فائل

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے منڈی بہاؤالدین میں جدید اسپتال کےلیے شاندار فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں بانی ممبر اسپتال کی جانب سے ایک کروڑ 33 لاکھ روپے کے عطیات دیے گئے۔

پروگرام میں پاکستان کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی، تقریب میں فرانسیسی، مصری اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عطیات بھی دیے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا، حافظ معظم نے کلام میاں محمد بخش پڑھا، پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں کی دھن پیش کی گئی۔

منڈی بہاؤالدین میں فلاحی کاموں کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں اوورسیز اسپتال منڈی بہاؤالدین، منڈی بہاؤالدین کے دیہات میں سیکیورٹی کے انتظامات، صفائی ستھرائی، پنچائت اور دیگر امور پر مبنی جامع رپورٹ دکھائی گئی۔

اوورسیز اسپتال منڈی بہاؤالدین پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ (پی پی اے ٹی) کی زیر نگرانی بن رہا ہے، جس میں لوگوں نے دل کھول کر عطیات دیے۔

چیئرمین پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ ناصر عباس تارڑ نے منڈی بہاؤالدین میں اسپتال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسپتال کاروبار کے لیے نہیں بلکہ خدمت خلق کی غرض سے بنایا جارہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ منڈی بہاؤالدین کے بعد دوسرے اضلاع میں بھی اسپتال بنائے جائیں گے جبکہ اس علاقے میں فوری ایک موبائل اسپتال شروع کیا جا رہا ہے۔