شہزادی ڈیانا نے والد کو تھپڑ کیوں مارا تھا؟

September 29, 2022

شہزادی ڈیانا، فائل فوٹو

آنجہانی شہزادی ڈیانا کے مبینہ طور پر اپنے والد کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے یہاں تک کہ ایک بار اُنہوں نے والد کو تھپڑ بھی مار دیا تھا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، صحافی ٹینا گاڈوئن نے انکشاف کیا کہ شہزادی ڈیانا کو جب اپنے والد کی دوسری شادی کا علم ہوا تو وہ اپنے غصّے پر قابو نہ رکھ سکیں اور والد سے سامنا ہونے پراُنہیں تھپڑ رسید کردیا۔

ٹینا گاڈوئن نے بتایا کہ’ شہزادی ڈیانا کے والدایڈورڈ جان نے اپنی پہلی بیوی فرانسس شینڈ کیڈ کی اجازت کے بغیر جولائی 1976 میں رائن میک کارکوڈیل سے دوسری شادی کرلی تھی‘۔

اس سے قبل 2017ء میں شاہی مبصر انگرڈ سیوارڈ نے بھی یہ بتایا تھا کہ ’صرف ڈیانا ہی نہیں بلکہ ان کے باقی بہن بھائیوں کو بھی سوتیلی ماں رائن میک کار کو ڈیل بالکل پسند نہیں تھیں اور اس لیے وہ سب مل کر اپنی سوتیلی ماں کو جان بوجھ کر تنگ کرتے تھے‘۔

یہاں تک کہ شہزادہ چارلس سے شادی کے بعد بھی شہزادی ڈیانا کا رائن کے ساتھ جھگڑا ہوا اور اس دوران اُنہوں نے سوتیلی ماں کو سیڑھیوں سے دھکا دے کر گرادیا تھا۔

اس حوالے سے رائن میک کارکوڈیل کے پرسنل اسسٹنٹ نے انکشاف کیا کہ ’جھگڑے کی وجہ یہ تھی کہ ڈیانا کو لگ رہا تھا کہ اس کی اصل ماں فرانسس شینڈ کیڈ کو التھورپ ہاؤس میں ان کے بھائی چارلس اسپینسر کی شادی کے موقع پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ’رائن اس جھگڑے کے دوران بہت بری طرح سے زخمی ہوگئی تھیں اور کافی پریشان اور خوفزدہ بھی تھیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ڈیانا نے رائن کے ساتھ برا سلوک کیا لیکن وہ اس وقت اپنی حقیقی ماں کے ساتھ شادی کی تقریب میں ہونے والے سلوک کی وجہ سے کافی ذہنی دباؤ میں تھیں‘۔

اس حوالے سے شاہی مبصر انگریڈ سیوارڈ کا کہنا ہے کہ’رائن کے ساتھ ڈیانا کا بہت شدید جھگڑا ہوا تھا‘۔