سال 2025 جہاں کئی شوبز شخصیات پر مہربان رہا وہیں بعض شخصیات اپنے بیانات و ذاتی معاملات کے سبب تنازع میں گھرے رہے۔
یوں تو بیشتر پاکستانی شوبز شخصیات عموماً اپنی نجی زندگی کو پردے میں رکھنا پسند کرتی ہیں، تاہم کچھ ستارے ایسے بھی ہیں جو اپنی سرگرمیاں عوام کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔
کہتے ہیں شہرت اور تنازعات اکثر ایک ساتھ چلتے ہیں، اس لیے جب کوئی اپنی زندگی عوامی نظروں کے سامنے لے آتا ہے تو اس کے ہر چھوٹے بڑے فیصلوں اور اقدامات پر عوام کی جانب سے رائے بھی ناگزیر ہو جاتی ہے۔
رواں سال بعض شوبز شخصیات صرف اپنے کام کے سبب شہہ سرخیوں کی زینت بنیں، تو بعض نے تنازعات اور اسکینڈلز کے ذریعے خود کو سب کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
آیئے ایک نظر ڈالتے ہیں سال 2025 میں کون کون سی معروف شخصیات مختلف تنازعات کا حصہ بنیں۔
عتیقہ اوڈھو ایک معروف پاکستانی اداکارہ ہیں جو پورا سال خبروں میں رہیں۔ پی ٹی وی کے دور سے ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ رہنے والی عتیقہ اوڈھو رواں سال علی رضا کے جسمانی حلیے پر تبصرے سے لے کر دانش تیمور کے مقابل ہیروئن بننے کی خواہش تک متعدد بیانات کے سبب تنقید کی زد میں رہیں۔ اس کے باوجود وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں۔
نادیہ خان بھی اپنے بیانات کے باعث خبروں میں رہیں۔ ان کی اداکار یاسر حسین کے ساتھ لفظی جنگ بھی موضوعِ بحث بنی۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے مارننگ شو میں گلوکار طلحہٰ انجم سے سخت سوالات کیے، جس پر انہیں شدید ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
ہانیہ عامر کو نئی نسل کی سپر اسٹار قرار دیا جاتا ہے۔ ان کا شمار سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
ہانیہ اپنی خوبصورتی اور شوخ مزاجی کی وجہ سے بھی مداحوں میں کافی مقبول ہیں۔ تاہم 2025 میں وہ مختلف تنازعات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہیں۔ سال کے آغاز میں بھارتی پنجابی فلم میں ممکنہ شمولیت پر تنقید ہوئی، جبکہ سال کے اختتام تک ان کے اور عاصم اظہر کے درمیان مبینہ صلح کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں۔ اس کے علاوہ ان کے حلیے میں تبدیلی اور کاسمیٹک سرجری سے متعلق بھی قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
رجب بٹ کو 2025 کی سب سے زیادہ متنازع پاکستانی شخصیت قرار دیا جا سکتا ہے۔ فیملی وی لاگز بنانے والے یوٹیوبر اس سال قانونی اور ذاتی تنازعات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے۔ اپنے پرفیوم برانڈ کے نام پر قانونی مسائل کا سامنا اور پھر ان کے باعث ملک چھوڑنے کی خبریں، جوئے کی ایپس کے کیس میں ملوث ہونا اور ازدواجی مسائل پر سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث نے انہیں مسلسل سرخیوں میں رکھا۔
ڈکی بھائی کے لیے بھی یہ سال خاصا مشکل ثابت ہوا۔ معمول کے وی لاگز کے دوران انہیں اچانک قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لے لیا۔ وہ طویل عرصے تک زیرِ حراست رہے، جس پر عوامی سطح پر شدید بحث ہوئی۔ رہائی کے بعد اب ڈکی بھائی ماضی کے تجربات سے نکلنے اور خود کو سنبھالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ عاطف اسلم پاکستان کے سب سے بڑے ستاروں میں شمار ہوتے ہیں اور عام طور پر تنازعات سے دور رہتے ہیں، مگر 2025 ان کے لیے بھی آزمائش کا سال رہا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے دوران خاموشی اختیار کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ والد کے انتقال کے فوراً بعد کنسرٹ میں پرفارم کرنے پر بھی سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔
پاکستانی سُپر اسٹار، عالمی شہرت یافتہ فواد خان نے موسیقی اور اداکاری دونوں میدان میں خوب کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم 2025 میں انہیں غیر معمولی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سب سے پہلے متنازع ویب سیریز برزخ کے سبب شائقین اداکار سے ناراض دکھائی دیئے اور سوشل میڈیا پر اپنی ناپسندیدگی کا کھل کر اظہار کیا، جبکہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کھل کر بھارت مخالف بیانیہ اختیار نہ کرنے پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا، یہ وہی وقت تھا جب فواد خان 9 برس بعد بھارتی سنیما میں واپس لوٹ رہے تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان آئیڈل میں ان کی بطور جج شمولیت پر بھی بحث ہوتی رہی۔
طلحہٰ انجم حالیہ برسوں میں پاکستان اور بھارت میں بطور اردو ریپر پہچانے جانے والے فنکار بن چکے ہیں۔ 2025 میں وہ اس وقت تنازع کا شکار ہوئے جب ایک کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم سے متعلق واقعہ سامنے آیا، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
عاصم اظہر کے لیے 2025 پیشہ ورانہ طور پر کامیاب رہا، مگر ذاتی زندگی کے سبب وہ خبروں کی زینت بنے رہے۔ منگنی کے ختم ہونے اور ہانیہ عامر کے ساتھ مبینہ تعلقات کی خبروں نے انہیں مسلسل شہہ سرخیوں میں رکھا۔
فیروز خان ایک مقبول اداکار ہیں، مگر ان کی ذاتی زندگی اکثر و بیشتر تنازعات کا شکار رہی ہے۔ 2025 میں مبینہ ازدواجی مسائل اور بچوں کے اخراجات سے متعلق خبروں نے انہیں سرخیوں میں رکھا۔