• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: اوزیمپک بنانیوالی کمپنی کو وزن میں کمی کی دوا بنانے کی منظوری مل گئی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے تاریخ میں پہلی بار وزن کم کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر استعمال ہونے والی دوا کی منظوری دے دی۔

وزن کم کرنے والی دوا ’ویگووی پِل‘ کہلائے گی، وزن کم کرنے والی دواؤں میں سیمیگلوٹائیڈ شامل ہوتا ہے جسے موٹاپے کے طویل مدتی علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، اس سے قبل اسی دوا کی انجیکشن شکل اوزیمپک (Ozempic) پہلے ہی کئی ممالک میں دستیاب ہے۔

ایف ڈی اے کی جانب سے ملنے والی یہ منظوری اس لیے اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اب وزن کم کرنے کے لیے انجیکشن کے بجائے ’اوورل میڈیسن‘ (گولی) دستیاب ہوگی جسے مریض زیادہ آسانی سے استعمال کر سکتے ہیں۔ 

دوا بنانے والی کمپنی نووو نورڈسک کے مطابق ’ویگووی پِل‘ کو امریکا میں جنوری 2026ء کے آغاز میں متعارف کروایا جائے گا۔

کلینیکل آزمائشوں میں نتائج

نووو نورڈسک کمپنی کے مطابق ویگووی پِل کی منظوری فیز-3 اویسس (OASIS) کلینیکل ٹرائلز کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ 

اویسس-4 ٹرائل میں موٹاپے یا زائد وزن کے شکار افراد نے 64 ہفتوں میں اوسطاً 16.6 فیصد وزن کم کیا جبکہ ہر تین میں سے ایک فرد کا وزن 20 فیصد یا اس سے زیادہ کم ہوا۔ یہ نتائج ویگووی انجیکشن کے برابر بتائے جا رہے ہیں۔

دوا کے ممکنہ سائیڈ ایفیکٹس میں متلی اور قے شامل ہیں جو پہلے سے معلوم سیمیگلوٹائیڈ کے اثرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔

موٹاپے کے علاج میں نئی پیش رفت

ماہرین کے مطابق GLP-1 (ہارمون) ریسیپٹر ایگونِسٹ ادویات بھوک کم کرتی ہیں، معدے کی رفتار کو سست کرتی ہیں اور شوگر کنٹرول بہتر بناتی ہیں۔ 

واضح رہے کہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) موٹاپے کو ایک دائمی بیماری قرار دے چکا ہے جس کے لیے طویل مدتی علاج ضروری ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید