والد سے ملنے کیلئے مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا، مریم نواز

October 05, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پاسپورٹ واپس مل جانے کے بعد آج لندن روانہ ہوں گی۔

مریم نواز شریف نے ایئرپورٹ روانگی سے قبل دادا ، دادی اور والدہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

مریم نواز کاعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ کر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مجھ سے انتظار نہیں ہورہا کہ جہاز لینڈ کرے اور کب میں اپنے والد سے ملوں۔

مریم نواز آج صبح 10 بجے نجی ایئر لائن کی پرواز سے لندن روانہ ہوں گی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز تقریباً ایک ماہ لندن میں قیام کریں گی جس کے بعد ان کا اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد گزشتہ روز مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا تھا۔

مریم نواز اپنا پاسپورٹ لینے لاہور ہائیکورٹ پہنچیں جہاں انہوں نے رجسٹرار کے کمرے سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا۔