ورلڈ کپ کیلئے سہ فریقی سیریز کافی اہم ہے، ثقلین مشتاق

October 06, 2022


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ سہ فریقی سیریز کافی اہم ہے، اس سیریز میں خود کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار کرنا ہے۔

نیوزی لینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی ٹیم کو چھوٹی ٹیم نہیں کہا جا سکتا، چھوٹے فارمیٹ میں اکثر چھوٹی غلطی بھی بہت بڑی غلطی بن جاتی ہے۔

ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کو نظر میں رکھتے ہوئے میچز کھیلیں گے، جو چیزیں رہ گئی ہیں اس کو اس سیریز میں ٹیسٹ کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف موسم میں کھیلنا کھیل کا حصہ ہے، اس کو اپنا کر ایڈجسٹ ہونا پڑتا ہے، اس سیریز میں بھی ہمیں یہاں کے موسم کے حساب سے کھیل بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران کافی اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ہم اس سیریز اور ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کے لیے پر اعتماد ہیں۔