دنیا کی 70 فیصد فٹبالز بنانےوالی پاکستانی انڈسٹری کے ملازمین کا معاوضہ کتنا ہے؟

November 24, 2022

دنیامیں70 فیصد فٹبالز پاکستان میں تیار کی جاتی ہیں، فوٹو کولاج

دنیامیں70 فیصد فٹبالز پاکستان کے شہر سیالکوٹ کی 1ہزار فیکٹریوں میں تیار کی جاتی ہیں۔

قطر میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈکپ 2022ء کے لیے’الریحلہ‘ فٹبال کو بھی پاکستان نے ہی تیار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سیالکوٹ کی تقریباً 8 فیصد آبادی فٹبال مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لیےکام کرتی ہے۔

تمام ملازمین اکثر بہت وقت لگا کر گیندوں کے پینل کو ہاتھ سے سیتے ہیں۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، گیندوں کے پینل کو ہاتھ سے سینے والے یہ ملازم ہر گیند پر تقریباً 160 روپے یعنی 0.75 ڈالرز کماتے ہیں اور ہر گیند کو سینے میں تین گھنٹے لگتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوں گیندوں کو ہاتھ سے سینے والا ایک ملازم روزانہ تین گیندوں کو سلائی کرنے کے بعد تقریباً 9600 روپے ماہانہ کما سکتا ہے، یہ آمدنی کسی معمولی علاقے کے حساب سے بھی بہت معمولی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محققین کے اندازوں کے مطابق سیالکوٹ میں ملازمین کی اجرت 20 ہزار روپے ماہانہ کے قریب ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فٹبالز کو ہاتھ سے سلائی کرنے والے ملازمین میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں سالانہ تقریباً 40 ملین فٹبالز خریدی جاتی ہیں اور ورلڈ کپ کے دوران اس فروخت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔