انگلینڈ پاکستان میں جیتنے کے لیے آیا ہے، جیمز اینڈرسن

November 29, 2022

فوٹو بشکریہ پی سی بی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں جیتنے کے لیے آئے ہیں لیکن پاکستان کو شکست دینے کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے کہا کہٹیسٹ سیریز میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پاکستان پر پریشر ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان میں بہترین استقبال کیا گیا، دورہ پاکستان کے لیے پُرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پچ کے معاملے میں اتنا بہتر تجزیہ نہیں دے سکتا۔

انگلش فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دورہ پاکستان کی ویڈیوز دیکھ کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک فریش مائنڈ کے ساتھ پاکستان آئے ہیں، یہاں مختلف اور چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

جیمز اینڈرسن نے مزید کہا کہ ابھی نہیں کہہ سکتا کہ ریورس سوئنگ اہم کردار ادا کرسکتی ہے یا نہیں۔

انگلش فاسٹ بولر نے کہا کہ کبھی اپنے لیے ٹارگٹ سیٹ نہیں کیے، کرکٹ انجوائے کرتا ہوں، جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔