موٹروے کرپشن؛ 42 کروڑ روپے برآمدگی پر تفتیش جاری

November 29, 2022

فائل فوٹو

حیدرآباد سکھر موٹر وے، مٹیاری سیکشن کے فنڈز میں سوا دو ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں۔

وفاقی تفتیشی افسر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اینٹی کرپشن نے اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد منصور عباسی کے سرکاری گھر پر چھاپہ مار کر 42 کروڑ روپے برآمد کیے تھے۔

ذرائع نے کہا کہ تفتیش کی جا رہی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد ہاؤس کی 3 بار پہلے بھی تلاشی کے باوجود رقم نہیں ملی تھی، اب اچانک گزشتہ روز 42 کروڑ روپے کی رقم ڈپٹی کمشنر کی نشاندہی پر کیسے برآمد ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 55 کروڑ روپے کی رقم بھی کسی ماتحت افسر کے گھر سے ملنے کی توقع ہے، جنہیں زمینوں کے عوض رقم دی گئی ان کو بھی قانونی شکل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی تفتیشی افسر ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر منصور عباسی لینڈ روینیو ایکٹ سے ناواقف ہے جس نے گریڈ ون ٹو کا امتحان بھی پاس نہیں کیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید کے معاملات ایک تپے دار چلاتا تھا۔

ذرائع وفاقی تفتیشی افسر نے کہا کہ مٹیاری اور نوشہروفیروز میں جونیئر ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتی کی بھی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔