دنیا میں ہیڈلائنز بنانا ہیں تو انگلینڈ کو ہرانا ہے، چیئرمین پی سی بی

November 29, 2022

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ - فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے قومی ٹیم کو پیغام دیا ہے کہ دنیا میں ہیڈلائنز بنانا ہیں تو انگلینڈ کو ہرانا ہے۔

قائداعظم ٹرافی کے فائنل کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا بہت بڑا سیزن ہے، دعا ہے کہ خیر خیریت سے سیریز ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کا نام بنانے کے لیے انگلینڈ کی سیریز بہت ضروری ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہیڈلائنز بنانا ہیں تو انگلینڈ کو ہرانا ہے، یہی پاکستان ٹیم کو پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم بہت اچھی ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم لڑے گی۔ انگلینڈ ٹیم پاکستان کی میزبانی سے محظوظ ہوگی۔