کراچی: نشتر پارک میں جلسے سے متعلق ٹریفک پلان جاری

November 30, 2022

—فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے کراچی کےنشتر پارک میں آج ہونے والے جلسے سےمتعلق ٹریفک پولیس نےخصوصی پلان مرتب کر لیا۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد اور تین ہٹی سے آنے والی بسوں، منی بسوںاور دیگر ٹریفک کو لسبیلہ سے نمائش جانے کی اجازت نہیں ہو گی، تمام ٹریفک کو گرومندر سے پی پی چورنگی براستہ بنوری لائٹ سگنل یا سولجر بازار کی جانب بھیجا جائے گا۔

جمشید روڈ اور تین ہٹی سے نمائش اور کیپری کی طرف بھی عام لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی، شہری گرومندر سے بہادر یار جنگ روڈ (سولجر بازار) اور جمشید روڈ سے جیل چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ پی پی چورنگی سے عام ٹریفک کو نمائش کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہو گی، تمام ٹریفک کو خداداد کالونی فلائی اوور ریمپ سے جانب سوسائٹی لائٹ سگنل سے شارعِ قائدین یا اس سے متصل راستے کی جانب بھیجا جائے گا۔

سوسائٹی لائٹ سگنل سے نمائش کی جانب عام ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی، تمام ٹریفک کو خداداد کالونی فلائی اوور یا عائشہ عزیز چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا۔

لسبیلہ اور البیلہ سگنل سے آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار نمبر 3 بریٹو روڈ کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ایم اے جناح روڈ کیپر ی سگنل سے نمائش کی جانب جانے والے ٹریفک کو کیپری سگنل سے بائیں جانب بہادر یار جنگ روڈ (سولجر بازار) اور دائیں جانب صدر دواخانے کی سڑک پر بھیج دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی سے آنے والے شرکاء براستہ لیاقت آباد، ڈاکخانہ اور گرومندر سے نمائش آ کر اپنی گاڑیاں پارک کر کے جلسے کے مقام پر جا سکتے ہیں۔

ضلع جنوبی اور غربی سے آنے والے شرکاء براستہ ایم اے جناح روڈ، کیپری سے نمائش کے قریب پارکنگ گراؤنڈ میں اپنی گاڑیاں پارک کر کے جلسے کے مقام پر جا سکتے ہیں۔

ضلع ملیر اور شرقی سے آنے والے شرکاء براستہ شارعِ فیصل، شارعِ قائدین، سوسائٹی سگنل سے نمائش چورنگی کے قریب پارکنگ کے مقام پر اپنی گاڑیاں پارک کر کے جلسے میں شرکت کر سکتے ہیں۔