آج ادارہ غلطیاں مان چکا تو سلیکٹڈ سیاستدان پریشان ہوگئے، بلاول بھٹو

November 30, 2022

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ادارے کے غیر سیاسی ہونے کے بیان کے بعد کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ سیاست دان پریشان ہو گئے۔

کراچی میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں پریشانی یہ ہے کہ ادارہ نیوٹرل ہو گیا تو ان کی سیاست کا کیا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گھڑی چوری چھپانے کےلیے انتشار پھیلایا جارہا ہے، پی ٹی آئی پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے استعفے نہیں دے گی۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ آج ادارہ اپنی غلطیاں مان چکا تو سارے سلیکٹڈ سیاست دان پریشان ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھڑی چوری کو چھپانے گوگی صاحبہ، علیمہ باجی کو بچانے کے لیے اور فارن فنڈنگ سے بچنے کے لیے انتشار پھیلایا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ مجھ سے لکھوا لو کہ پی ٹی آئی پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے استعفے نہیں دے گی، ان سے کہتا ہوں کہ استعفیٰ دینا چاہتے ہو تو دے دو۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آپ کا مقابلہ کرنے تیار ہے، ملیر اور ملتان کے جیالوں نے آپ کو شکست دی، آزاد کشمیر میں ہم پی ٹی آئی کی ناک کے نیچے بلدیاتی الیکشن جیت چکے۔