51ویں قومی دن پر یو اے ای میں ہزار درہم کا نیا نوٹ جاری

December 02, 2022

متحدہ عرب امارات کا 51 واں قومی دن آج منایا جا رہا ہے، مرکزی بینک نے اس موقع پر ایک ہزار درہم کا نیا نوٹ جاری کیا ہے۔

یہ نوٹ اگلے سال سے باقاعدہ طور پر استعمال کیا جائے گا۔

یو اے ای میں ہزار درہم کے نئے نوٹ پر ملک کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جبکہ خلائی پروگرام کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

نوٹ میں ملک کے پہلے صدر شیخ زاید کی تصویر ہے، ان کے ساتھ ہی خلائی شٹل کا ماڈل نمایاں ہے جبکہ امارات کے پہلے خلا نورد میجر ہزا المنصوری کی تصویر بھی شامل ہے۔

نئے کرنسی نوٹ کا یہ ڈیزائن 1976 میں شیخ زاید کی ناسا حکام سے ہونے والی اہم ملاقات سے اخذ کیا گیا ہے، اس ملاقات میں شیخ زاید نے یو اے ای کو عالمی خلائی دوڑ میں مقام دلوانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اس میں بارکہ جوہری توانائی پلانٹ کا خاکہ بھی شامل ہے، اس پلانٹ میں قابل تجدید توانائی پر کام ہو رہا ہے۔

آج 46 برس بعد خلائی شعبے میں متحدہ عرب امارات بہت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

2019 میں میجر ہزا المنصوری پہلے اماراتی خلا نورد تھے جنہوں نے خلا کا سفر کیا۔

فروری 2021 میں یو اے ای نے عرب دنیا کا پہلا مشن مریخ پر روانہ کیا۔