سموسے کے نقصانات سے متعلق وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے

December 04, 2022

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

سوشل میڈیا پر سموسے کھانے کے نقصانات سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

عائشہ نامی ایک صارف کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سموسے کھانے کے نقصانات کے بارے میں ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔

اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ڈاکٹر عفان قیصر جو اس وقت پاکستان میں معدے کے نمبر ون اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہیں انہوں نے سموسے کھانے کے نقصانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔

اس ویڈیو میں ڈاکٹر عفان قیصر نے بتایا ہے کہ سموسہ پاکستانیوں کی پسندیدہ غذا ہے، اس میں 250 سے 400 تک کیلوریز ہوتی ہیں۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سموسہ اکثر گندے تیل میں بنایا جاتا ہے، اس میں ٹرانس فیٹس ہوتے ہیں اور سوڈیم کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ بلڈ پریشر کے مریض بن جاتے ہیں۔

ڈاکٹر عفان قیصر نے سموسے کو 400 کیلوریز کا ایٹم بم بھی قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سموسہ بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول جیسی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔

ویڈیو کے آخر میں ڈاکٹر عفان نے سموسے کے بجائے لوگوں کو گاجر کھانے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ اس میں بہت ہی کم کیلوریز ہوتی ہیں۔

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا ہے کہ سموسے کی اتنی بے عزتی! کئی دہائیوں سے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں خوشی لانے والے سموسوں کی جانب سےاب احتجاج کرنا ہو گا۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد بھی میں سموسے کھانے کے بارے میں سوچنا نہیں چھوڑ سکتی۔

ایک صارف نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ سموسہ کھانے والا ہو یا گاجر کھانے والا، مرنا تو دونوں نے ہی ہے تو بہتر ہے کہ سموسہ کھا کر مرو۔