اسلام آباد تا برہان موٹر وے M1 کھول دی گئی

December 06, 2022

—فائل فوٹو

شدید دھند کی وجہ سے بند کی گئی اسلام آباد سے برہان تک موٹر وے M1 اب دھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق چیچہ وطنی میں قومی شاہراہ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ایم فائیو ملتان تا سکھر موٹر وے شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے ایم 4 ملتان تا خانیوال اور ملتان تا شور کوٹ موٹر وے بھی بند کر دی گئی ہے۔

شدید دھند کے باعث پشاور سے صوابی تک موٹر وے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

شدید دھند کی وجہ سے سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان تا اسماعیلہ بھی بند کر دی گئی ہے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، دھند میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں۔

فیصل آباد: دھند سے حادثہ، 2 افراد جاں بحق

ادھر فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کے باعث گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں 2 موٹر سائیکلیں آ گئیں جس کی وجہ سے یہ جانی نقصان ہوا ہے۔

ریسکیو ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ زخمی افراد اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔