کراچی: عالمی کتب میلہ ایکسپو سینٹر میں 8 دسمبر سے شروع ہو گا

December 06, 2022

جنگ فوٹو

پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 17واں عالمی کتب میلہ 2022 کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 8 دسمبر سے سجایا جائے گا۔

عالمی کتب میلہ 12 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا جس میں 330 سے زائد کتب کے اسٹال لگائے جائیں گے۔

اس عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگائیں گے۔

اس بات کا اظہار چیئرمین ایسوسی ایشن عزیز خالد، کتب میلے کے کنوینر وقار متین خان اور نائب کنوینر ناصر حسین نے منگل کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہو ں نے بتایا کہ اس سال 4 لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے، وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ جمعرات (8 دسمبر) کو عالمی کتب میلے کا افتتاح کریں گے جبکہ مہتاب اکبر راشدی اپنے خیالات کا اظہار کریں گی اور صوبائی وزیر برائے یونیورسٹی اور بورڈ اسماعیل راہو ہمارے اعزازی مہمان ہوں گے۔

سنہ 2005 سے لگاتار منعقد ہونے والے کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا اعزاز حاصل ہے جس میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ بھارت، ترکیہ، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے بھی حصہ لیتے ہیں، یہ میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔

اس موقع پر ندیم مظہر، ایم اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی اور سلیم عبد الحسین بھی موجود تھے۔

وقار متین کا کہنا تھا کہ ہر سال ہونے والا یہ عالمی میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، والدین، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔

وقار متین نے اس عالمی میلے میں حصہ لینے والے پبلشرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے یہ کتب میلہ اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھ سکا ہے اور ہر سال ریکارڈ توڑ تعداد میں لوگ اس میں شرکت کرتے ہیں۔

پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے کہا کہ اس طرح کے کتب میلے اب صرف عام میلوں کی حیثیت نہیں رکھتے نہ ہی یہ صرف اور صرف پبلشرز کو ایک سادہ سا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں بلکہ موجودہ دور میں کے آئی بی ایف جیسے کتب میلے پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اُجاگر کرتے ہیں۔

عزیز خالد کا کہنا تھا کہ کے آئی بی ایف کا حالیہ ایڈیشن پچھلے تمام ایونٹس کے مقابلے میں منفرد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کتب میلے کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت اور دیگر امور کا تبادلہ بھی ہوتا ہے۔