پولیو سے معذور رکشا ڈرائیور کی والدین سے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے کی اپیل

December 06, 2022

پولیو سے بچاؤ کےلیے دو قطرے پلانے سے عمر بھر کی معذوری سے بچا جا سکتا ہے۔ بدقسمتی سے اب بھی کئی والدین ایسے ہیں جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہیں۔

رکشا ڈرائیور حضرت عمر بھی ان ہی میں سے ایک ہے، جس کے والدین نے اسے بچپن میں پولیو کے قطرے نہیں پلوائے اور اب وہ معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

بیساکھی کے سہارے چلنے والا 28 سالہ پشاور کے رہائشی حضرت عمر کو بچپن میں پولیو کے دو قطرے نہ پلائے جانے کے باعث وہ عمر بھر کے لیے معذور ہوگیا۔

رکشا ڈرائیورحضرت عمر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس کے والدین نے اسے پولیو کے قطرے پلائے ہوتے تو وہ معمول کی زندگی گزار رہا ہوتا۔

معذوری اور گھریلو مسائل کے باعث وہ تعلیم سے بھی محروم رہ گیا۔ اس نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ پولیو مہم کے دوران 15 ہزار سے زیادہ والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کیا تھا۔

محکمہ صحت کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے اور ملک کو پولیو فری ممالک میں شامل کرنے کے لیے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔