کراچی: پیٹرولیم کمپنی کی لائن سے خام تیل کی چوری، اہم کارندہ گرفتار

December 07, 2022

فائل فوٹو

کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں بڑی کارروائی کے دوران پیٹرولیم کمپنی کی لائن سے خام تیل چوری کرنے والے گروہ کا اہم کارندہ گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا کہ چیکنگ کے دوران چوری کا خام تیل لے جانے والے ٹینکر کو ڈرائیور سمیت پکڑ لیا۔

ایس ایس پی ملیر نے مزید کہا کہ ٹینکر میں موجود ڈرائیور سے پوچھ گچھ جاری ہے، جس نے اعتراف کیا کہ وہ اور اُس کے ساتھی پیٹرولیم کمپنی کی لائن سے خام تیل چوری کرتے ہیں۔

عرفان بہادر نے یہ بھی کہا کہ نشاندہی پر کھدائی کی تو پیٹرولیم کمپنی کی لائن سے غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے۔

ایس ایس پی ملیرکا کہنا تھا کہ ملزمان کے ساتھی داؤد خلجی، دلاور خلجی، یاسر، نور لاشاری اور ظہیر بلوچ فرار ہوگئے ہیں۔

عرفان بہادر نے کہا کہ پکڑے گئے آئل ٹینکر میں 24 ہزار لیٹر آئل ہے، جس کی مالیت 40 لاکھ روپے ہے۔

ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ مقدمہ پیٹرولیم کمپنی کے سیکیورٹی آفیسر کی مدعیت میں شاہ لطیف تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے آئل ٹینکر، برآمد کیے گئے پائپ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ہے۔