ہم اپنا اسٹائل تبدیل نہیں کرسکتے، بابر اعظم

December 08, 2022

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتانبابر اعظم نے کہا ہےکہ انگلینڈ ٹیم ایک نیا طریقہ لے کر آئی ہے، ہم ایک میچ کے بعد اپنا اسٹائل تبدیل نہیں کرسکتے یہ وقت کے ساتھ ہوتا ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ جو پلان ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے، جو فاسٹ بولرز ٹیم میں ہیں انہی پر انحصار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کے مطابق ضرور کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، پہلا ٹیسٹ ہمارے ہاتھ میں تھا جو نہیں جیت سکے، ہماری غلطی ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں پر قابو پانا ہے، ہمارا پلان ہے کہ آئندہ میچز میں جارحانہ کھیلیں گے۔

کپتان نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بولرز تینوں فارمیٹ کھیل رہے ہیں، ہمیں ان کو فٹ رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اظہر علی کے مستقبل کا میں یہاں بیٹھ کر فیصلہ نہیں کرسکتا، وہ سینئر کھلاڑی ہیں فارم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے،کپتان کی حیثیت سے اظہر علی کو سپورٹ کروں گا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے مائنڈ میں ہے کہ ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل تک جائیں، ماضی میں کم بیک کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہمجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں۔

بابر اعظم نے کہا کہکرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں اور غلطی کو بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں،لوگ کیا کہتے ہیں مجھے فرق نہیں پڑتا، مجھے ٹیم کے لیے اچھا کرنا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہمیری توجہ ٹیم کو جتوانے پر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔