آٹے کو اشیاء ضروریہ میں شامل کرنے والڈ سٹی کادائرہ وسیع کرنے کی منظوری

December 09, 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ) پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی (ایس سی سی ایل بی) نے گندم کے آٹے کو اشیائے ضروری میں شامل، والڈ سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں وسیع کرنے اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے محکمہ ماحولیات میں 3 نئے سینٹر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن اور جمہوریہ لبنان کی صاعدہ میونسپلٹی کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی منظوری دی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ایم او یو پر دستخط کرنے والے افسر کا تعین وزیراعلیٰ کریں گے۔ کابینہ کمیٹی نے بعض ارکان اسمبلی کی طرف سے قومی اسمبلی میں مقامی حکومتوں کے بارے میں آئینی ترمیم سے متعلق بلز پر بھی غور کیا۔ ایک ترمیمی بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی مدت اختتام سے 3 ماہ پہلے ہی مقامی حکومتوں کے الیکشن کرا دیے جائیں۔ صوبائی وزیر علی افضل ساہی نے اعتراض کیا کہ اس قسم کی تجویز قابل عمل نہیں۔ بعض ایم این ایز کی طرف سے پیش کی گئی نجی آئینی ترمیم بل میں بلدیاتی اداروں کی معطلی کی کم سے کم حد 60 یوم رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ان پرائیویٹ بلز پر حتمی فیصلہ پنجاب کابینہ کرے گی۔ کابینہ کمیٹی نے ایک ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی جس کے بعد دیگر یونیورسٹیوں کی طرح پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر کو بھی سنڈیکیٹ کا ممبر بنایا جا سکے گا۔ اجلاس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ایکٹ میں ترمیم بھی منظور کرلی گئی۔محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ترمیم سے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جگہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن لے سکے گا۔ کمیٹی نے نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان ایکٹ 2013 میں ترمیم اور درآمدی گندم کیلئے محکمہ خوراک اور وفاقی ادارے پاسکو کے درمیان معاہدے کی بھی منظوری دی۔