الیکشن کمیشن فارم 11 اور آر او کے رزلٹ میں فرق کا فیصلہ نہ کرے، سعید غنی

January 27, 2023

سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے فارم 11 اور آر او (ریٹرننگ آفیسر) کے رزلٹ میں فرق کا فیصلہ نہ کرے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن جماعت اسلامی کے دباؤ پر رزلٹ روک رہا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کیا جماعت اسلامی کی درخواست آسمانی صحیفہ ہے؟

صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ فارم 11 پر نتیجہ کچھ اور ہے اور جو نتائج جاری کیے گئے ہیں وہ کچھ اور ہیں، ایک پریس ریلیز جاری کردی گئی کہ جماعت اسلامی کی درخواست پر 25 تاریخ کو سماعت ہوگی۔

سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی با قاعدہ آرڈر جاری نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے ان تین یو سیز کے زبانی طور پر نتائج روک دیے، اس قسم کے کسی فیصلے کی قانون کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم چاہتے ہیں کہ دوبارہ گنتی میں الیکشن کمیشن کا نمائندہ شامل ہو۔