فارن ایجنٹ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام کو نکلنے کا کہتا ہے، مریم اورنگزیب

January 27, 2023

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو فارن ایجنٹ قرار دے دیا اور کہا کہ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام سے کہتا ہے کہ گھروں سے نکلیں۔

عمران خان کے ویڈیو لنک خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن ایجنٹ جھوٹا ہے، جو مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم سے استفسار کیا کہ 50 لاکھ گھر، 1 کروڑ نوکریاں دینے اور 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کی بڑھکوں کا کیا ہوا؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو آگ لگائی اور مہنگائی کی تباہی پھیلائی، آج معیشت کی بات کرتے ہوئے کچھ شرم تو آنی چاہیے۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خوف آپ کو اپنے جرائم سے آ رہا ہے، خوف اس وقت آنا چاہیے تھا، جب قومی خزانے پر آپ ڈاکے ڈال رہے تھے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ خوف اس وقت آنا چاہیے تھا جب توشہ خانہ اور سرکاری عہدوں کی لوٹ سیل لگی تھی، خوف اس وقت آنا چاہیے تھا جب بشریٰ اور فرح ہر عہدہ رشوت لے کر بیچ رہی تھیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ آپ کو شوکت خانم اسپتال کے 30 لاکھ ڈالر نجی کاروبار میں لگاتے خوف نہ آیا؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ یہ بتائیں 2018 میں ڈالر کتنے کا تھا؟ یہ بتائیں 18ء میں آٹا چینی، پیٹرول اور فی یونٹ بجلی کی قیمت کیا تھی؟

ان کا کہنا تھا کہ فارن ایجنٹ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام سے کہتا ہے کہ گھروں سے نکلیں، اسے پتا ہے گھر سے نکلا تو جھوٹ بولنے کی آزادی ختم ہوجائے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن ایجنٹ کا ہر جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے، معیشت کے قاتل اور عوام کے مجرم کو گھر سے نکال کر جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔