کراچی: مواچھ گوٹھ میں 18 پراسرار ہلاکتوں پر ابتدائی رپورٹ جاری

January 27, 2023

کراچی کے مواچھ گوٹھ میں پراسرار بیماری نے چند دنوں میں 18 افراد کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا، تحقیقات کے بعد محکمہ صحت سندھ نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق علی محمد گوٹھ میں 16 دنوں میں 18 ہلاکتیں ہوئیں، مرنے والوں میں بچے اور بڑے بھی شامل ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کو بخار، گلے میں خراش، سانس میں دشواری سمیت دیگر علامات ظاہر ہوئیں، ہلاکتوں کی حتمی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ شبہ ہے یہ سانحہ قریبی پلاسٹک، لوہے اور دیگر کمپنیوں سے اٹھنے والی مہلک گیس کی وجہ سے ہوا، ضلعی انتظامیہ نے علی محمد گوٹھ میں کئی فیکڑیوں کو سیل کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈی ایچ او، ڈی سی، ڈی ایس ایس کے اور ماحولیاتی اداروں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا، مواچھ گوٹھ کے قریبی اسپتال میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایک میڈیکل کیمپ بھی متاثرین کیلئے علاقے میں قائم کر دیا، ایک ایمبولینس بھی علی محمد گوٹھ کے رہائشیوں کیلئے موجود رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت نے متاثرہ لوگوں کے کووڈ ٹیسٹ کیے جو تمام منفی آئے۔