شاہ رخ خان نے مداحوں سے ملاقات کیلئے گھر کی بالکنی میں آنے کی وجہ بتادی

February 01, 2023

شاہ رخ خان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے مداحوں سے ملاقات کے لیے اپنے گھر ’منت ہاؤس‘ کی بالکنی میں آنے کی وجہ بتادی۔

شاہ رخ خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں’منت ہاؤس‘ کی بالکنی میں آنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خاندان کے بزرگوں نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ جب بھی تم غمگین ہو تو ان لوگوں کے پاس جاؤ جو تمہیں پیار دیتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سچ پوچھیں تو میرے مداح مجھے اس وقت بھی اتنا ہی پیار دیتے ہیں جب میری فلم ہٹ نہیں ہوتی یا میں کوئی کام نہیں بھی کرتا یا پھر مجھ سے کوئی غلطی ہو جاتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی زندگی میں ہی بہت سی چیزیں غلط ہوجاتی ہیں، زندگی ایسی ہی ہے، زندگی میں اچھے اور برے دونوں طرح کے دن آتے ہیں۔

شاہ رخ خان کے کہا کہ مجھے میرے بڑوں نے سیکھایا کہ ان لوگوں کی زندگی میں اتنی اہمیت نہیں ہوتی جن کے ساتھ آپ کام کرتے ہیں، ان لوگوں کی بھی اتنی اہمیت نہیں جو آپ کو یہ بتاتے ہیں کہ آپ اپنے کام کو کیسے بہتر کرسکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت اُن لوگوں کی ہے جو ہم پر اپنی محبتیں نچھاور کرتے ہیں اور میں بہت خوش قسمت ہوں کہ لاکھوں اور اربوں لوگ ہیں جو مجھے پیار دیتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے جب بھی میں اداس ہوتا ہوں تو میں اپنے گھر کی بالکنی میں جاتا ہوں اور جب میں بہت خوش ہوتا ہوں تب بھی میں اپنی بالکنی میں جاتا ہوں۔

شاہ رخ خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ خدا مجھ پر اتنا مہربان رہا ہے کہ وہ مجھے بار بار اپنے گھر کی بالکنی میں جانے کا موقع دیتا ہے۔