خیرپور: بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

February 03, 2023

خیرپور کے علاقہ کوٹ ڈیجی میں مبینہ پولیس مقابلے میں بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ملزم خواتین کی قابل اعتراض ویڈیوز بھی بناتا تھا۔

پولیس کو مطلوب ملزم غلام مہرانی کو کوٹ ڈیجی میں پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتارکیا گیا ہے، ملزم سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے، ملزم کے 2 ساتھی فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ڈاکو کوٹ ڈیجی کی مرکزی شاہراہ پر واردات کی نیت سے کھڑے ہیں، پولیس وہاں پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے مطلوب ملزم غلام مہرانی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم نے چند روز قبل بچیوں کے ساتھ زیادتی، خواتین کی نازیبا ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کی تھی۔