• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمبرج نے پاکستان میں اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ ملتوی کردیا، پیپر لیک ہونے کی تصدیق

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول میتھمیٹکس کے پرچے کے قبل از وقت لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان میں ہونے والا ایک اور متعلقہ امتحان ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کیمبرج کی جانب سے جاری میڈیا اسٹیٹمنٹ کے مطابق 12 مئی کو لیے گئے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس پیپر 52 (9709) کو انتظامی زون 3 اور 4 میں مقررہ وقت سے قبل شیئر کیا گیا، جو ادارے کے امتحانی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ لیک کے دائرہ کار اور آئندہ کے اقدامات کا تعین کیا جاسکے۔

کیمبرج نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں 15 مئی کو ہونے والا اے ایس لیول میتھمیٹکس پیپر 32 (9709) احتیاطی تدبیر کے طور پر ملتوی کردیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق امتحان کی جگہ نیا پرچہ لیا جائے گا جبکہ نئی تاریخ کا اعلان 22 مئی تک کردیا جائے گا۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اے ایس اور اے لیول کے نتائج کے اجرا کی تاریخ 11 اگست برقرار رہے گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

کیمبرج پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ اس واقعے سے طلبہ متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات کی شفافیت اور گریڈز کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ جامعات اور دیگر ادارے ان نتائج پر اعتماد برقرار رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ امتحانی سیزن میں پیپر چوری اور لیک ہونے کے واقعات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور ادارے کا خیال ہے کہ اس کے پیچھے ایسے عناصر کار فرما ہیں جو امتحانی نظام اور طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ 

کیمبرج نے کہا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی کے مختلف راستوں پر کام جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ ادارہ انفرادی الزامات پر تبصرہ نہیں کرتا، تاہم ہر شکایت کی تحقیقات کی جاتی ہیں۔

کیمبرج نے طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ صرف ادارے کے سرکاری بیانات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات سے گریز کریں۔

قومی خبریں سے مزید