3 وفاقی جامعات میں وائس چانسلر اور ریکٹرز کے تقرر کیلئے امیدوار منتخب

February 06, 2023

کراچی( سید محمد عسکری) حکومت پاکستان کے ماتحت 3وفاقی جامعات میں مستقل وائس چانسلرز / ریکٹر کے تقرر کے لیے تلاش کمیٹی نے امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا ہے جس کے بعد تینوں جامعات کے لیے تین تین ناموں پر مشتمل پینل کی سمری صدر مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میںڈاکٹر ضیاالقیوم کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، ڈاکٹر ناصر محمود کا دوسرا نمبر ہے اور ڈاکٹر مدثر کا تیسرا نمبر ہے، قائد اعظم یونیورسٹی کیلئے ڈاکٹر نیاز کا پہلا، ڈاکٹر راحیل قمر کا دوسرا اور ڈاکٹر فضل خالق کا تیسرا نمبر ہے ۔ یاد رہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں کسی سینئر پروفیسر کے بجائے ریٹائرڈ بیوروکریٹ ڈاکٹر شائستہ سہیل قائم مقام وائس چانسلر مقرر کر رکھا ہے جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں ریکٹر کے لئے ڈاکٹر الیاس، ڈاکٹر طاہر خلیل اور ڈاکٹر آمنہ معظم کے ناموں کی سفارش کی گئی ہے لیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ تلاش کمیٹی کے کچھ ارکان نے ریکٹر کے لیے ڈاکٹر الیاس کے نام پر اعتراض بھی کیا تھا کیونکہ انہیں چار سال قبل ہی پروفیسر مقرر کیا گیا تھا جب کہ وہ کبھی صدر شعبہ بھی نہیں رہے۔ یاد رہے کہ ان تینوں جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹر کے عہدوں پر تقرری کے لیے 25 ستمبر کو اشتہار دیا گیا تھا اور دس روز کے اندر امیدواروں کو درخواستیں جمع کرانا تھیں ان تین جامعات کے وائس چانسلرز/ ریکٹر کے کے عہدوں کیلئے ڈھائی سو کے لگ بھگ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور تقریباً تلاش کمیٹی 108؍ امیدواروں کو انٹرویوز کیلئے بلایا تھا انٹرویوز کا مرحلہ تقریباً 20 دن تک جاری رہا اور 28 دسمبر کو مکمل ہوا تھا۔