نیدرلینڈز، یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

February 06, 2023

سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈز نے یوم یکجہتی کشمیر 05 فروری 2023 کی مناسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔

‎مقررین میں ڈچ پیس ایکٹیوسٹ اور ڈچ پیس کونسل کی سابق رکن محترمہ ماریان لوکاس، انسٹی ٹیوٹ آف سیکیورٹی اینڈ گلوبل افیئرز، لائیڈن یونیورسٹی میں ریڈیکلائزیشن اسٹڈیز کے انچارج، پروفیسر ڈاکٹر طاہر عباس،اور نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ شامل تھے۔

‎محترمہ ماریان لوکاس نے ہندوستان کے غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جغرافیائی سیاسی توجيهات بدلنے سے مسئلہ کشمیر بھول کا شکار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ اہمیت کا حامل رہنا چاہئے اور مغربی دنیا میں حمایت کا حصول جاری رکھنا چاہئے۔ اس تناظر میں، انہوں نے ولندیزی صحافی جوری بوم کی کتاب کا حوالہ دیا، جس نے اپنی کتاب کے باب Too many to kill میں مقبوضہ جموں وکشمیر کا تذکرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے۔

‎پروفیسر ڈاکٹر طاہر عباس نے کشمیری ‎تارکین وطن کے زاویے سے 1990 میں یوم یکجہتی کشمیر کے آغاز کے بارے میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور تارکین وطن سمیت کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بیس لاکھ سے زائد کشمیری یورپ اور دیگر جگہوں پر مقیم ہیں اور ان میں سے بیشتر ہندوستانی ظلم و جبر کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر جیسے مواقع کشمیریوں کے مسائل اور انکے مقبوضہ جموں و کشمیر چھوڑنے کے اسباب عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں۔ پروفیسر عباس نے اس بات پر زور دیا کہ تارکین وطن مقبوضہ جموں کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔

‎نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے مقصد اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مستقل عزم رکھتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔ سفیر ِپاکستان نے سامعین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

‎یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے جاری کردہ خصوصی پیغامات بھی شرکاء کو پڑھ کر سنائے گئے۔ شرکاء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی موجودہ حالت زار پر ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ سیمینار میںکشمیری تارکین وطن، ماہرین تعلیم، طلباء اور ولندیزی شہریوں نے بھی شرکت کی۔