ملکی اقتصادی، معاشی اور مالیاتی بحران سے لوگ خوفزدہ ہیں، حنیف گوہر

February 08, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سیکریٹری جنرل اورایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر حنیف گوہر نے کہا ہے کہ ملکی اقتصادی، معاشی اور مالیاتی بحران سے لوگ خوفزدہ ہیں،اس بحران سے نکلنے کے لئے حکومت کو سیاسی محاذ آرائی ختم کرنے کی سنجیدہ کوششیں کرنا ہونگی۔حنیف گوہر نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی تکمیل کے بعد ملک کی موجودہ معاشی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اقتصادی اور مالیاتی بحران نے ملک کے ہرفرد کو خوف میں مبتلا کردیا ہے،مینوفیکچرنگ سیکٹرکو ناسازگار ماحول میں پیداواری عمل جاری رکھنے میں مشکلات درپیش ہیں، خام مال کی قلت نے صنعتی شعبے کیلئے مسائل پیدا کردیئے ہیں، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پاکستان کے لیے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی مزید مشکل بنا رہی ہے،درآمد کنندگان کو درآمدات کیلئے ڈالر کا حصول مشکل ہوچکا ہے،صنعتی عمل متاثر ہونے سے برآمدات کو بھی دھچکہ لگا ہے،بجلی،گیس اورپیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام افراد کاجینا دوبھر کردیا ہے۔