بھارت کی پچ ٹمپرنگ، آسٹریلینز کا آئی سی سی سے مداخلت کا مطالبہ

February 08, 2023

فوٹو: سوشل میڈیا

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ناگپور میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہی اس کی پچ متنازع ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلین کرکٹرز نے پچ سے متعلق تنقید کرتے ہوئے آئی سی سی سے اس معاملے میں فوری مداخلت کرنے کا مطالبہ کردیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کو بارڈر گواسکر ٹرافی کہا جاتا ہے جس میں چار ٹیسٹ میچ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے شروع ہورہا ہے۔

ٹیسٹ میچ کی پچ کو اسپنر کےلیے مدد گار بنایا گیا تھا کیونکہ بھارت میں اس طرح کی وکٹیں بنانا معمول کی بات ہے۔ تاہم میچ سے ایک دن قبل پچ کیوریٹرز نے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کردی۔

کیوریٹرز کی جانب سے ایسا کرنے کے بعد نہ صرف ہر کوئی حیران رہ گیا بلکہ انہیں آسٹریلیا کے سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا بھی نشانہ بنایا جانے لگا ہے۔

ایک میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو کے دوران سابق آسٹریلین کرکٹر سائمن او ڈونیل کا کہنا تھا کہ ’اگر آئی سی سی کو ایسا لگتا ہے کہ یہ غلط ہوا ہے اور پچ ٹیسٹ اسٹینڈرڈ کے مطابق نہیں کھیلتی تو پھر اس معاملے پر کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی آگے آئے اور کچھ کرے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ایک آئی سی سی میچ ریفری ہوگا اور آئی سی سی بھی یہ میچ دیکھ رہا ہوگا۔

سابق آسٹریلین کرکٹر جیسن گلیسپی نے ایک قدم اور آگے جاتے ہوئے کہا کہ بھارت آسٹریلیا کو اسپن کیساتھ دبانا چاہتا ہے، یہی اس کا قابلِ اعتبار شعبہ ہے تاکہ وہ سیریز جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچ جائے۔

انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں کیوریٹرز کو یہ ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ٹیسٹ کے مطابق بہترین پچ تیار کریں۔