ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز

February 09, 2023

فوٹو بشکریہ گوگل

ترکیہ اور شام میں پیر کو آنے والے شدید زلزلے سے اموات کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ ترکیے میں 12 ہزار 873 اور شام میں 3 ہزار 162 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شدید سرد موسم کے باعث امدادی کارکنوں کو زمین بوس عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں شدید دشواری کا بھی سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی اور عزم ظاہر کیا کہ کسی بھی شخص کو بے گھر نہیں رہنے دیں گے، متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی امداد کی جائے گی۔