اسلام آباد(عاطف شیرازی/اسرار خان) وفاقی حکومت نے بدھ کوپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 10.28 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 253.17 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزیل (HSD) کی قیمت 8.57 روپے کمی کے ساتھ 257.08 روپے مقرر کی گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری کی نصف شب سے اگلے 15 دنوں کے لیے ہوگا،ڈیزل، جو بڑے پیمانے پر مال بردار ٹرانسپورٹ، زرعی مشینری اور بجلی پیدا کرنے والے یونٹس میں استعمال ہوتا ہے، مہنگائی (خاص طور پر غذائی اشیاء کی قیمتوں) کو کنٹرول کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ اس کمی سے کسانوں اور لاجسٹکس آپریٹرز کے اخراجات میں کمی آئے گی، تاہم مجموعی مہنگائی پر اس کا اثر محدود ہو سکتا ہے اگر توانائی اور دیگر یوٹیلٹی اخراجات زیادہ رہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئی قیمتیں 15 جنوری تک برقرار رہیں گی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔اوگرا کی جانب سے جارینوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی 10 روپے69 پیسے فی کلو مہنگی کردی گئی ہے۔ایل پی جی کی نئی فی کلو قیمت 219 روپے 68 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر 126 روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔ ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام سلنڈر کی نئی قیمت 2592روپے 19پیسےمقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا۔