اسلام آباد ( طاہر خلیل) مئی میں جنگ کے بعد پاک بھارت تعلقات میں خوشگوار پیش رفت ، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ایاز صادق سے ڈھاکا میں ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا، سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء کی تدفین کے موقع پر جے شنکر خود چل کر ایاز صادق کے پاس پہنچے، مصافحے کے دوران جے شنکر نے اپنا تعارف کروایا اور اسپیکر سے کہا وہ انکی شخصیت سے واقف ہیں، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، ایاز صادق بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر یونس سے بھی ملے، اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ بھی گئے اور انکے بیٹے، طارق رحمان اور بیٹی سے مرحومہ بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، مرحومہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان، پارلیمنٹ، حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا جسے سیاسی حلقوں میں ایک حیران کن پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان ملاقات ڈھاکا میں ہوئی جہاں دونوں رہنما بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کیلئے موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پاس آئے اور دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔سردار ایاز صادق اور جے شنکر کے درمیان ہونے والی ملاقات مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے بعد اعلیٰ سطح پر پہلا رابطہ تھا کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کے سیاسی و سفارتی رابطے بھی منقطع ہیں۔پاک بھارت جنگ کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے منع کر دیا تھا تاہم دیگر کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ ملاتے رہے۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان میں گزشتہ برس ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس دوران ان کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی تھی۔قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان، سردار ایاز صادق ڈھاکہ بنگلہ دیش پہنچے ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے اسپیکر قومی اسمبلی کا استقبال کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور انکے بیٹے، طارق رحمان، اور بیٹی سے مرحومہ بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اسپیکر قومی اسمبلی کا مرحومہ بیگم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے ڈھاکہ کا دورہ وزیر اعظم، حکومت، پارلیمنٹ، اور پاکستانی عوام کی جانب سے ان کو دی جانے والی عزت اور احترام کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کے دور حکومت کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا۔دورے کے دوران، بنگلہ دیش کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمان اور لاء اینڈ جسٹس کے ایڈوائزر آصف نذرول نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور باہمی مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔تعزیتی کتاب میں تاثرات قلم بند کرنے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے دورے کے دوران جہاں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے وزرائے خارجہ اور دیگر اعلیٰ وفود کے نمائندے موجود تھے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس گئے اور مصافحے کے دوران اپنا تعارف کروایا، اور اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ وہ ان کی شخصیت سے واقف ہیں۔ یہ رابطہ پاک-بھارت مئی 2025 کی جنگ کے بعد بھارتی جانب سے پہلا نمایاں اعلیٰ سطح رابطہ تھا۔جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر میرے پاس آئے ہاتھ ملایا اور مسکرا کر بات کی کیمرے بھی اس وقت موجود تھے انہیں خوب پتہ تھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور وہ یہ بھی جانتے تھے کہ یہ سب رپورٹ ہوگا ۔دریں اثناء بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور دو مرتبہ ملک کی قیادت کرنے والی خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکا میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ بنگلادیش کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میا مانک ایونیو میں ہوئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، حکومتی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس بھی موجود تھے، جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کردیا گیا ۔