• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے فیصلے کا جواب، مالی اور برکینا فاسو کا امریکی شہریوں پر سفری پابندی کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو 

مغربی افریقہ کے ممالک مالی اور برکینا فاسو نے امریکی شہریوں کے سفر پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان ممالک کو سفری پابندی کی فہرست میں شامل کیے جانے کے ردِعمل میں کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ نے منگل کی شب جاری الگ الگ بیانات میں کہا کہ یہ اقدام ’’باہمی ردِعمل‘‘  کے اصول کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے 16 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ مالی، برکینا فاسو اور پانچ دیگر ممالک کو مکمل سفری پابندی کی فہرست میں شامل کر رہے ہیں، جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ پابندی ان ممالک پر لگائی گئی ہے جہاں اسکریننگ، جانچ پڑتال اور معلومات کے تبادلے کے نظام میں سنگین اور مسلسل خامیاں پائی جاتی ہیں، جو امریکی قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ سمجھی جاتی ہیں۔

مالی کی حکومت نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے قبل ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور امریکی مؤقف زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

برکینا فاسو نے بھی امریکی اقدام کو یکطرفہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی خطے کے دیگر ممالک نے امریکی سفری پابندیوں کے جواب میں ایسے اقدامات کیے ہیں۔ 

25 دسمبر کو نائیجر نے امریکی شہریوں کو ویزے جاری کرنے بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ جون میں چاڈ نے بھی امریکا کی جانب سے سفری پابندی کی فہرست میں شامل کیے جانے کے بعد امریکی شہریوں کے لیے ویزا معطل کر دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید