بھیک مانگنے والی خاتون نے سجاد علی کی بہن ہونے کا دعویٰ کردیا

February 09, 2023

بشریٰ اختر نامی ایک بھیک مانگنے والی خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کلاسیکل موسیقار بڑے غلام علی خان صاحب کی نسل سے ہے اور رشتے میں معروف گلوکار سجاد علی کی بہن ہے، لیکن مالی تنگ دستی کے باعث بھیک مانگنے پر مجبور ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل یوٹیوب ویڈیو میں بشریٰ اختر نامی خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سجاد علی کی بہن ہیں اور چاہتی ہے کہ گلوکار ان سے رابطہ کریں۔

وائرل ویڈیو میں بشریٰ اختر کا کہنا ہے کہ بڑے غلام علی خان صاحب اور ان کے بھائی میاں قادر بخش ان کے دادا اور طبلہ نواز اختر حسین صاحب ان کے والد ہیں جبکہ سجاد علی ان کے بھائی ہیں۔

کسمپرسی کی زندگی گزارنے والی بشریٰ کا کہنا ہے کہ میاں قادر بخش کے خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے نہیں دیا گیا کیونکہ ہمارے گھر کی خواتین گانا بجانا نہیں کرتیں لیکن اب ان کی خواہش ہے کہ وہ گانا گانا چاہتی ہیں تاکہ پیسے کماکر اپنا گزر بسر کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال وہ اپنے گزر بسر کے لئے درگاہوں پر نعتیں اور نوحے پڑھ کر، بھیک مانگ کر اور لوگوں کے گھروں میں کام کرکے پیسے کماتی ہیں لیکن ان کا گزر بسر پورا نہیں ہوتا ان کے 2 بچوں کے علاوہ اپنے شوہر کی بیماری پر آنے والے اخراجات بھی انہیں ہی برداشت کرنے ہوتے ہیں۔

بشریٰ اختر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی سجاد کی صحت اور خوشیوں کے لیے ہر وقت دعا کرتی ہیں کیونکہ ہمارا ایک ہی خاندان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’شاید سجاد علی ہم سے ملنا چاہتے ہوں لیکن وہ ہمارے گھر کے بارے میں نہیں جانتے ہوں، میں جانتی ہوں کہ وہ بہت مہربان انسان ہیں‘۔