امیر مقام کی رویہ سے کارکنوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے، رحم دل نواز

March 19, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری اور پراونشل کونسل کے ممبررحم دل نواز خان نے کہا ہےکہ مسلم لیگ کے صوبائی صدر انجینئرامیر مقام کی طرف سے پرویز مشرف اور پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بہادری سے میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ کا ڈٹ کر ساتھ دینے والے کارکنوں کو نظر انداز کرنے سے مسلم لیگ کے نظریاتی کارکنوں میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے جبکہ مسلم لیگ خیبر پختونخوا میں سکڑتی جارہی ہے رحم دل نواز نے مسلم لیگ کے نظریاتی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ضلع پشاور کی طرف سے پیسکو کے بورڈ آف گورنر کے لئے متفقہ طور پر مسلم لیگ ضلع پشاور کے صدر راشد محمود خان بابوزئی کا نام دیا گیا لیکن مسلم لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کی طرف سے مسلم لیگ ضلع پشاور کے متفقہ فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر راشد محمود خان کی جگہ اپنے منظور نظر کو ممبر بورڈ آف گورنر بنا دیا گیا اس سلسلے میں امیر مقام سے رابطہ کیا گیا تو امیر مقام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ بے اختیار ہیں جس پر امیر مقام سے کہا گیا کہ اگر وہ کارکنوں کے مسائل حل کرنے اور تنظیم کے متفقہ فیصلے کو منوانے کے سلسلے میں بے اختیار ہیں تو پھر انہیں کارکنوں کا ساتھ دیتے ہوئے مستعفی ہونے جانا چاہیے امیر مقام اپنے منظور نظر افراد کو نوازنے کے لئے با اختیار ہیں لیکن مسلم لیگ کے قربانی دینے اور ہر مشکل وقت میں میاں نواز شریف کا ساتھ دینے والے کارکنوں کی محرومیوں کا ازالہ کے سلسلے میں بے اختیار ہونے کا ڈھونگ رچا رہے ہیں ۔