پشاورمیں میٹرک سکول طلباکے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

March 19, 2023

پشاور(جنگ نیوز)پشاورکے نجی سکول میں جماعت دہم کے طلباءکے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی پشاور ماڈل سکول صفیہ ہومز کے وائس پرنسپل سمیع اللہ تھے جنہوں نے اپنے خطاب پر طلباءپر زور دیا کہ آنیوالے میٹرک کے امتحان کی تیاری میں کوئی کوتاہی نہ برتیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کیساتھ گزرا ہوا ہر لمحہ ان کیلئے بہت قیمتی تھا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعے وہ کامیابی کی سیڑھیاں باآسانی چڑھ سکتے ہیں ۔اس موقع پر طلباءنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پشاور ماڈل بوائز II کے اساتذہ نے ان کی تعلیم و تربیت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ یہ اساتذہ کی رہنمائی اورمحنت ہی ہے جس کی وجہ سے وہ اس قابل ہوگئے ہیں کہ وہ نہ صرف میٹرک بلکہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ماڈل سکول بوائز II میں گزرا ہوا ایک ایک لمحہ ان کی زندگی کا ایک قیمتی اثاثہ ہے اس تقریب میں طلباءنے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے کر دیگر طلباءکو لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔اس تقریب کو یادگار بنانے کیلئے پی ایم ایس بوائز II کے وائس پرنسپل فرمان اللہ نے ایک منجھے ہوئے الیکٹرانک میڈیا کے انٹرٹینمنٹ میزبان کی طرح طلباءمیں کھیلوں کے مقابلوں کو رواں دواں رکھا۔اس تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید عماد احمد گیلانی نے ادا کئے ۔ آخر میں مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔تقریب کو دوبالا کرنے کیلئے ایک پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔