پاکستان میں سالانہ 20 ملین لوگ دل کی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں، ڈاکٹر شاہکار

March 19, 2023

پشاور(لیڈی رپورٹر)پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیا لوجی کے ماہرامراض قلب اور میڈیکل ڈائریکٹر سرجن پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 20ملین لوگ دل کی مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کام زیادہ ہونے کے باعث صحافی برادری کو صحت کے مسائل کا سامنا رہتا ہے اگر ورزش کو روٹین بنایا جائے تو دل کے امراض سے بچاجاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی اور مرغن غذا کا استعمال دل کی بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں ان خیا لات کا اظہار انہوں نےپشاور پریس کلب میں ممبرز کیلئے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعاون سے لگائے گئے امراض قلب کے فری میڈیکل کیمپ میں کیا اس موقع پر ایکو، ای سی جی کے ٹسٹ کے بعد 60 سے زائد ممبران اور انکی فیملی کا معائنہ کیا گیا اور ادویات بھی فراہم کی گئیں.میڈیکل کیمپ میں چیک اپ کے بعد چار ممبران کو مزید علاج کے لئے پشاور انسٹیٹوٹ اف کارڈیالوجی میں آنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پشاور پریس کلب نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر پی آئی سی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میڈیکل ٹیم اور ہسپتال انتظامیہ کو شیلڈ پیش کیں،پریس کلب انتظامیہ نے خصوصی طور پر پی آئی سی کی ترجمان رفعت انجم اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جن کی کوشش سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد ممکن ہوسکا۔پی آئی سی ترجمان رفعت انجم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ایسے میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گاہیلتھ کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تواتر سے مختلف بیماریوں کے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔