کائٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام ایک روزہ ورکشاپ

March 19, 2023

پشاور(وقائع نگار)خیبر پختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ (کائٹ) پراجیکٹ اور نیسلے پاکستان نے سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پائیدار سیاحت بارے ایک روزہ استعداد کار بڑھانے کی ورکشاپ کا اہتمام کیا ورکشاپ کا اہتمام خیبر پختونخوا ٹریول رسپانسیبلٹی برائے ماحول دوست سیاحت پروگرام کے تحت کیا گیا تھا یہ پروگرام خیبر پختونخوا کائٹ پراجیکٹ، عالمی بنک اور نیسلے پاکستان کے درمیان اشتراک کے ذریعے کوڑا کرکٹ سے پاک مستقبل بذریعہ ذمہ دار سیاحت چلایا جارہا ہے۔ ورکشاپ میں ہوٹلوں کے نمائندوں، ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، ہوٹلوں کے عملے، ٹور آپریٹررز، تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد، طلبہ اور سرکاری شعبے کے ٹورازم منیجرز نے شرکت کی۔ورکشاپ کا مقصد کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے طریقوں اور پروگرام کی جانب سے شروع کردہ اسے دوبارہ استعمال بنانے کے اقدامات بارے شعور اجاگر کرنا تھا۔ ورکشاپ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پلاسٹک کے استعمال کو کیا جائے گا، کوڑا کرکٹ کی مقدار انتہائی حد تک کم رکھنے کی کوشش کی جائے گی اور متبادل کے طور ری سائیکلنگ اختیار کی جائے گی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کائٹ توصیف خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام حکومت خیبر پختونخوا، عالمی بنک اور نیسلے کے اشتراک سے 2020 سے چلایا جارہا ہے جس کے تحت لوکل ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز گلیات، کاغان، بالائی سوات، کمراٹ اور کیلاش کو کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے آلات فراہم کئے گئے ہیں جبکہ پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور چترال میں کوڑا کرکٹ کی تلفی بارے مقامی لوگوںکو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحوں میں شعور اجاگر کیا گیا ہے تاکہ سیاحتی مقامات کو کوڑا کرکٹ سے پاک رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات میں ایسی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔