دوستانہ کرکٹ میچ‘ ٹیم گرین نے ٹیم بلیو کو شکست دیدی

March 20, 2023

پشاور (جنگ نیوز) امین لالہ گراؤنڈ شاہ عالم پشاور میں صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کی دو ٹیموں کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ میں محمد شاہ زیب خان کی قیادت میں ٹیم گرین نے ٹیم بلیو کو 12رنز سے شکست دے کر میچ جیت لیاجس کی قیادت شہاب حیدر کررہے تھے ۔ ٹیم گرین پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20ویں اوور میں 150رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ عادل محمود نے 34رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں 4چھکے شامل تھے جبکہ مسعود اور سیف اللہ نے بالترتیب 27اور 20 رنز بنائے۔ کپتان شاہ زیب خان نے 17 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔ ٹیم بلیو کی جانب سے عرفان اور عبید نے 3،3جبکہ عمر فاروق نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بلیو کی ٹیم 151رنز کے ہدف کے تعاقب میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عبداللہ نے 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ خواجہ سکندر نے 26 رنز بنائے۔ ٹیم گرین کی طرف سے عادل محمود، ہدایت الٰہی اور امجد نے دو دو جبکہ ہدایت اللہ خان، مسعود اور جوہر آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مسعود نے ٹیم گرین کی جانب سے چار کیچ لیے اور ہدف کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ عادل محمود اور مسعود کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔