مفت آٹافراہمی کیساتھ سستے بازار قائم کئے جائیں،فیاض علی شاہ

March 20, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)قومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنماء سیدفیاض علی شاہ نے کہاہے کہ نگران صوبائی حکومت موجودہ حالات کومدنظررکھتے ہوئے سستے بازارنہ لگانے کے فیصلہ پرنظرثانی کرے، پشاور میںمتعددایسے سفیدپوش گھرانے بھی ہیں جنہوں نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میںاپنا اندراج نہیں کرایاہے اوران خاندانوں نے رمضان المبارک میں سرکاری نرخ پراشیاء خوردونوش خریداری کی امیدیں سستے بازاروں سے وابستہ کررکھی ہیں، سیدفیاض علی شاہ نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ نگران صوبائی حکومت کابے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خاندانوںکودس کلوکے تین تھیلے آٹامفت دینے کا فیصلہ قابل ستائش ہے،حکومتی اقدام سے ہزاروں گھرانوںکومفت آٹامیسرآجائیگا،لیکن ہزاروں ایسے خاندان حکومتی مراعات سے محروم رہ جائینگے جن کابینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں اندراج ہی نہیں ہے،آٹاتقسیم کے طریقہ کارپربھی غورکیاجائے ،انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی سالوں سے اورخاص کررمضان المبارک میں مہنگائی آسمان تک جاپہنچتی ہے ،جس سے سفیدپوش اورمتوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثرہوتاہے،جن کی نظررمضان المبارک میںسستے بازاروں کی جانب ہوتی ہے،امسال رمضان المبارک قائم نہ ہونے سے ہزاروں خاندان ناجائزمنافع خوروںکے رحم وکرم پرہونگے،نگراں حکومت کوچاہیے کہ مفت آٹافراہمی کے ساتھ سستے بازار بھی قائم کرے،تاکہ غریب اورمتوسط طبقہ کوصحیح معنوں میںریلیف مل سکے۔