ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے ملنے والے کون سے تحائف چھپائے؟

March 21, 2023

فائل فوٹو

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران دوسرے ممالک کی جانب سے دیے گئے تحائف کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے دورِ صدارت میں وائٹ ہاؤس نے ڈھائی لاکھ ڈالر سے زیادہ مالیت کے 100 سے زیادہ تحائف کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا۔

رپورٹس کے مطابق ان تحائف میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 17 تحائف بھی شامل ہیں جن کی مالیت 47 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان بھارتی تحائف میں ساڑھے 8 ہزار ڈالر کا گلدان، 4600 ڈالر مالیت کا تاج محل کا ماڈل، 6600 ڈالر کا قالین اور 1900 ڈالر مالیت کی کف لنکس شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ تمام تحائف ڈونلڈ ٹرمپ، ان کی بیوی میلانیا، بیٹی ایوانکا اور داماد کشنر کو دیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعد میں ان تحائف کو حکومت کے حوالے کر دیا گیا، لیکن ان کو امریکی قانون کے مطابق ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔