پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی

March 21, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے پی ٹی آئی کے جلسے کے اجازت نامے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔

اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ انتظامیہ اسٹیج، خواتین اور تمام انکلوژرز کی سیکیورٹی کی ذمےدار ہوگی۔

اجازت نامے کے مطابق جلسہ انتظامیہ تمام متعلقہ علاقہ میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی، جلسے میں عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن، پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سیکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں گے۔

اجازت نامے میں کہا گیا کہ ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کےلیے پی ٹی آئی ذمے داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ دوران جلسہ پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے پر پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کی جائے گی۔

اجازت نامے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رضاکارانہ طور پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، ریلی کے باعث کاروباری مراکز بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ جلسہ میں کارکنان اور تمام متعلقہ افراد ڈنڈے یا ایسی کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے، اس دوران کسی کے بھی جذبات و احساسات مجروح نہیں ہوں گے۔

اجازت نامے میں کہا گیا کہ جلسہ کےلیے کسی بھی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ جلسہ میں شامل افراد کے لیے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا، دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکاء لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے۔

اجازت نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ جلسہ انتظامیہ مینار پاکستان گراؤنڈ کی تمام شرائط بشمول فیس ادائیگی کریں گے، جلسہ روٹ پر کسی بھی طرح وال چاکنگ نہیں ہوگی، زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔